لاہور(آن لائن)عالمی بنک نے کشن گنگا اور رتلے ڈیموں کیلئے غیر جانبدار ماہر کی تقرری کیلئے پاکستان اور بھارت کے آبی ماہرین کا اجلاس 21اور22 مئی کو واشنگٹن میں طلب کرلیا۔پاکستانی وفد مذاکرات کے لئے19مئی کو اسلام آباد سے واشنگٹن روانہ ہوگا جس کی نمائندگی قائم مقام کمشنر سندھ طاس مہر علی شاہ کریں گے۔بھارت کی جانب سے دریائے نیلم پر کشن گنگا ڈیم اور چناب پر رتلے ڈیم تعمیر کرنے کے خلاف
پاکستان نے غیر جانبدار ماہر کی تقرری کیلئے عالمی بنک سے رجوع کیا اور گزشتہ چار برسوں کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان سات بار مذاکرات ہوچکے ہیں جبکہ آئندہ اجلاس21 اور22 مئی کو طلب کیا گیا ہے۔پاکستانی وفد کی قیادت قائم مقام کمشنر سندھ طاس مہر علی شاہ کریں گے جبکہ دیگر ارکان میں وفاقی سیکرٹری آبی امور شمائل خواجہ،وزارت خارجہ اور اٹارنی جنرل کا ایک ایک نمائندہ شام ہوگا۔مذاکرات میں پہلے دن تعارفی سیشن 21مئی اور دوسرا سیشن 22مئی کو ہوگا۔جوائنٹ سیکرٹری وزارت آبی امور مہر علی شاہ جنہیں تین ماہ کے لئے قائم مقام کمشنر سندھ طاس مقرر کیا گیا ان کی مدت8مئی کو ختم ہوگی لیکن عالمی بنک سے مذاکرات کے پیش نظر ان کے کنٹریکٹ کی مدت میں توسیع دینے کا فیصلہ ہوگیا ہے اور طے ہوا ہے کہ وہ مستقل کمشنر سندھ طاس کی تقرری ہونے تک کام جاری رکھیں گے جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن آئندہ ہفتہ جاری ہوگا۔