اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)ویمن آن وہیل پروگرام کے تحت تربیت مکمل کرنے والی خواتین کو 3ہزار موٹر سائیکل فراہم کرنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب سٹریٹجک ریفارمز یونٹ کے سربراہ سلمان صوفی کا کہنا ہے کہ محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے صوبائی ترقیاتی فورم نےخواتین کو موٹر سائیکلیں دینے کیلئے 8 کروڑ روپے فراہم کئے جس سے پہلے مرحلے میں 700 خواتین کو ہنڈا کمپنی کی خاص طور پر تیار کی گئیں گلابی موٹرسائیکلیں دی جائیں گی جبکہ 13 مئی کو 300 خواتین کوموٹرسائیکلوں کی فراہمی سے
پہلے مرحلے کا آغازہوگا، دوسرے مرحلے میں ایک ہزار جبکہ تیسرے اور آخری مرحلے میں 1300 خواتین کو بائیکس دی جائیں گی۔منصوبے کے تحت پنجاب کے پانچ اضلاع میں خواتین کو موٹرسائیکلیں فراہم کی جارہی ہیں جن میں لاہور، فیصل آباد،راولپنڈی، ملتان اور گوجرانوالہ شامل ہیں، لاہورمیں 13 مئی کو خواتین موٹرسائیکل سواروں کی ریلی بھی نکالی جائیگی جس میں سول سوسائٹی کو بھی مدعو کیا جائے گا۔سلمان صوفی نے اقدام کو مختلف شعبہ جات میں کام کرنے والی خواتین کیلئے خودانحصاری و تحفظ کی جانب قدم قرار دیا ہے۔