کراچی(نیوزڈیسک)آئندہ مالی سال کے فنانس بل کی تیاری حتمی مرحلے میں داخل ہوگئی ہے،سیلز ٹیکس کی شرح17 فیصد اور امیروں پر سپر ٹیکس برقرار رکھے جانے کا امکان ہے۔آئندہ مالی سال کا بجٹ27 اپریل کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا، وزیراعظم کی ہدایت کی روشنی میں وفاقی محکمہ برائے محاصل کے اعلی حکام سرجوڑ کر بیٹھے ہیں اور جائزہ لے رہے ہیں کہ کس شعبے پر کتنا ٹیکس عائد کیا جائے گا اور کس کو کتنا ریلیف ملے گا۔آئندہ مالی سال کے دوران ایف بی آر کی ٹیکس وصولیوں کا ہدف45
سو ارب روپے کے لگ بھگ مقرر کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے دوران سیلز ٹیکس کی شرح 17 فیصد اور امیر طبقے پر عائد سپر ٹیکس کا نفاذ برقرار رکھے جانے کا امکان ہے۔جبکہ نان فائلرز کیلئے کاروباری لاگت بڑھانے کیلئے ٹیکس اور ڈیوٹی کی شرح بڑھانے اور نان فائلر پر پلاٹ خریدنے پر پابندی کے فیصلے کا بھی امکان ہے۔ذرائع نے بتایاکہ نان فائلرز پر بینکوں کے ذریعے لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح اعشاریہ چار فیصد بھی برقرار رکھے جانے کا امکان ہے۔