لاہور( این این آئی )تحریک انصاف نے مرکزی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس 12اپریل بروز جمعرات کو طلب کرلیا ، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اجلاس کی صدارت کریں گے،اجلاس میں آئندہ انتخابات کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال اور تیاریوں سے متعلق اہم فیصلے
کیے جائیں گے۔ترجمان تحریک انصاف کے مطابق اجلاس میں آئندہ انتخابات کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور عام انتخابات کیتیاریوں سے متعلق اہم فیصلے کیے جائیں گے۔ جبکہ 29اپریل سے شروع ہونے والی ملک گیر انتخابی مہم کے مختلف پہلوں پر مفصل بات چیت کی جائے گی۔اس کے علاوہ مرکزی مجلس عاملہ کی منظوری کیلئے تحریک انصاف کے ضابطہ اخلاق اجلاس میں پیش کیا جائے گا اور انتخابی مہم کے نکتہ آغاز کے طور پر منعقد ہونے والے لاہور کے جلسہ عام کے حوالے سے ذمہ داریاں تفویض کی جائیں گی۔ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف نے مجلس عاملہ کے اہم ترین اجلاس کی تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت دے دی ہے اور اراکین مجلس عاملہ کو اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ترجمان پی ٹی آئی کا مزید کہنا ہے کہ ملک بھر سے اراکین کو 12 اپریل کے اجلاس میں شرکت کیلئے دعوت ناموں کی ترسیل شروع ہوگئی ہے۔ اجلاس کی کارروائی میں اراکین کی باسہولت شرکت یقینی بنانے کیلئے خصوصی اجازت نامے جاری کیے جائیں گے۔