کابل (آئی این پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی وفد کے ہمراہ افغان صدارتی محل پہنچ گئے ، افغان صدر اشرف غنی نے وزیراعظم کا خیر مقدم کیا،صدارتی محل میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ جمعہ کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی افغان صدر اشرف غنی کی دعوت پر وفد کے ہمراہ افغان صدارتی محل پہنچے جہاں پر افغانستان کے صدر اشرف غنی نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا خیر مقدم کیا۔ وزیراعظم کو افغان صدارتی محل میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
وزیراعظم کے ہمراہ وفد میں وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف‘ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال‘ گورنر خیبرپختونخواہ اقبال ظفر جھگڑا‘ مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ بھی تھے۔ وزیر اعظم اپنے دورے کے دوران افغان صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ سے معیشت’ سیکورٹی اور انسداد دہشت گردی میں تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کریںگے۔وہ افغان صدر محمد اشرف غنی کی دعوت پر یہ دورہ کررہے ہیں جس میں دونوں رہنما باہمی دلچسپی کے امور’ دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی’ افغان پناہ گزینوں کی واپسی’ منشیات کی پیداوار کے خاتمے’ افغان امن عمل سے متعلق مذاکرات اور علاقائی سلامتی اور سیاسی صورتحال کے بارے میں بات چیت کریںگے۔افغان صدر اشرف غنی کی دعوت پر کئے جانیوالے اس دورے سے رہنمائوں کو باہمی مفاد کے امور کا جائزہ لینے، دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے ، افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی ، منشیات کی پیداوار کی روک تھام اور افغان امن عمل اور علاقائی سیاسی اور سلامتی کی صورتحال پر بات چیت کا موقع ملے گا۔