لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے جماعۃ الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف ایک ہی نوعیت کی مختلف درخواستوں کو یکجا کرنے کی ہدایت کردی جبکہ حافظ سعید کو گرفتار نہ کرنے کے احکامات میں بھی توسیع کردی گئی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امین الدین خان نے حافظ سعید کی درخواست پر سماعت کی جس میں گرفتاری کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔درخواست میں حافظ سعید کے وکیل اے ڈوگر نے دعویٰ کیا کہ امریکہ اور بھارت کے دبا پر پاکستانی حکومت درخواست گزار کے خلاف کارروائی کرنا چاہتی ہے۔ امریکہ نے پاکستان کو حافظ سعید کی گرفتاری کا کہہ دیا ہے۔درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ حکومت امریکہ اور بھارت کو خوش کرنے کیلئے حافظ سعید کو دوبارہ گرفتار یا نظر بند کرسکتی ہے۔وکیل نے استدعا کی کہ صوبائی حکومت کو درخواست گزار کی گرفتاری یا نظربندی سے روکا جائے۔ وفاقی حکومت کے بعد صوبائی حکومت کے وکلا ء نے بھی جواب داخل کرا دیا ہے۔عدالت نے حافظ محمد سعید کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف ایک ہی نوعیت کی مختلف درخواستوں کو یکجا کرنے کی ہدایت کردی جبکہ حافظ سعید کو گرفتار نہ کرنے کے احکامات میں بھی توسیع کرتے ہوئے کارروائی 23اپریل تک ملتوی کردی ۔



















































