پشاور(آن لائن)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزیراعلی پرویز خٹک کو فون کیا ہے اور ہارس ٹریڈنگ پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے جبکہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے عمران خان کو پارٹی کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ سے بھی آگاہ کر دیا جس کے مطابق 20 ارکان صوبائی اسمبلی نے وفاداریاں تبدیل کیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ہارس ٹریڈنگ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلی خیبرپختونخوا سے ووٹ فروخت کرنے والے اراکین کی فہرست طلب کی تھی۔
جس پر وزیر اعلی کے پی کے پرویز خٹک نے پارٹی کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ سے عمران خان کو آگاہ کر دیا ۔ رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کے 17 سے 20 اراکین اسمبلی نے اپنی وفاداریاں تبدیل کی ہیں جس میں بیشتر تعداد خواتین کی ہے وفاداریاں تبدیل کرنے والے ناراض ارکان ہیں جو پہلے سے فارورڈ بلاک میں تھے اور انہوں نے دیگر اہم صوبائی ارکان اسمبلی کو بھی اپنے ساتھ ملا لیا تھا جنہوں نے مخالف ارکان کو سپورٹ کیا اور ہارس ٹریڈنگ کے مرتکب ہوئے ۔