اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)شہباز شریف کی جانب سے فیصل سبحان کے وجود سے انکار کرنے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اہم دستاویزات سامنے لے آئے، سوشل میڈیا پر شیئر کردیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے میٹرو ملتان پراجیکٹ میں کرپشن کے اہم کردار فیصل سبحان کے وجود سے ہی انکار کرنے پر چیئرمین تحریک انصاف جواب میں اہم دستاویزات سامنے لے آئے ہیں اور انہوں نے یہ دستاویزات سوشل میڈیا پر شیئر بھی کر دی ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر دستاویزات شیئر کرتے ہوئے عمران خان نے اپنے پیغام میں سوال کیا ہے کہ شہباز شریف کا دعویٰ ہے کہ فیصل سبحان کا وجود ہی نہیں جبکہ دستاویز بتا رہی ہیں کہ چینی حکام نے میریٹ ہوٹل میں فیصل سبحان سے تفتیش کی ہے، شہباز شریف بتائیں فیصل سبحان کے وجود سے انکار کرنے میں انہیں ڈیڑھ برس کیسے لگ گئے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ د کو بچانے کیلئے شریفوں کی جانب سے جھوٹ تراشنے کا سلسلہ بند نہیں ہوا ،شہباز شریف کا دعویٰ ہے کہ فیصل سبحان کا وجود ہی نہیں جبکہ دستاویز بتا رہی ہیں کہ چینی حکام نے میریٹ ہوٹل میں فیصل سبحان سے تفتیش کی ہے ۔چینی حکام نے اسکی کمپنی سے متعلق معلومات کیلئے ایس ای سی پی سے رابطہ بھی کیا تھا ۔عمران خان نے کہا کہ ملتان میٹرو پراجیکٹ میں شریفوں کی کرپشن سے پردہ اٹھانے کی دیر تھی کہ اسے غائب کردیا گیا۔ اب قوم دیکھے کہ جھوٹ کون بول رہا ہے اور قوم تعین کرے کہ ملتان میٹرو پراجیکٹ میں کرپشن کی تحقیقات کرنے والے چینی جھوٹے ہیں یا شہباز شریف۔پی ٹی آئی سربراہ نے کہا کہ چینی ریگولیٹری باڈی کیساتھ ستمبر 2016 میں کی جانے والی خط کتابت منظر عام پر ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل ملتان میٹرو پراجیکٹ کی شفافیت پر سوال اٹھنے پر ن لیگ اور پنجاب حکومت کی جانب سے تردید کی جاتی رہی ہے تاہم تحریک انصاف اس حوالے سے
مسلسل اعتراضات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے تھی اور اب عمران خان کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کی گئیں دستاویزات نے حکمران جماعت ن لیگ کی پنجاب حکومت کیلئے بڑا مسئلہ کھڑا کر دیا ہے۔