اسلام آباد(آن لائن)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صحافیوں پر 3 مارچ کو سینیٹ الیکشن کی کوریج کرنے پر پابندی عائد کردی جبکہ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن نے فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکارکرتے ہوئے واپس نہ لینے کی صورت میں پولنگ کے روز احتجاج کی دھمکی دے دی۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاؤس کی عمارت کو پولنگ بوتھ بنانے کے ساتھ میڈیا کے لیے نو گو ایریا قرار دیتے ہوئے
صحافیوں پر 3 مارچ کو سینیٹ الیکشن کی کوریج کرنے پر پابندی عائد کردی۔فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ صحافیوں کو پارلیمنٹ ہاؤس کی عمارت اور پریس گیلری میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ اس فیصلے سے الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو بھی آگاہ کردیا جس کی وجہ سی قومی اسمبلی سیکریٹریٹ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے پریشانی میں مبتلا ہوگئی۔دوسری جانب پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن نے فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی کو پابندی تسلیم نہ کرنے کے اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے ۔پی آر اے کا کہنا ہے کہ ماضی میں میڈیا پر سینٹ الیکشن میں ایسی پابندی کی کوئی مثال نہیں ، پابندی قابل قبول نہیں ۔پی آر اے نے الیکشن کمیشن سے پابندی فوری واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پابندی نہ ہٹائی گئی تو پولنگ کے روز بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔