اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پی آئی اے کا ایک اور کارنامہ ،برطانیہ کے شہر برمنگھم میں ہنگامی لینڈنگ کر کے عملہ مسافروں کو اکیلا چھوڑ کر چلا گیا، باہر نکلنے کی اجازت نہ ملنے پر متعدد مسافروں کی حالت خراب ہوگئی ،جہاز میں 200مسافر سوار ہیں ۔نجی ٹی وی کے مطابق پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 701 کو جہاز کے عملے کی جانب سے برطانوی شہر برمنگھم میں ہنگامی لینڈنگ کرائی گئی ۔
جہاز جیسے ہی ائیرپورٹ پر اترا ،عملہ جہاز سےنیچے اتر کر کہیں چلا گیا جس کی وجہ سے مسافروں میں بے چینی بڑھ گئی ۔مسافروں نے باہر نکلنے کی کوشش کی لیکن انہیں نکلنے نہیں دیا گیا۔معلوم ہوا ہے کہ اس دوران متعدد مسافروں کی حالت بگڑ گئی ۔مسافر جہاز تقریباً4گھنٹے تک ائیر پورٹ پر کھڑا رہا،مسافروں نے اس صورتحال پر شدید احتجاج کیا۔پی آئی اے عملے کی جانب سے تاحال کوئی موقف سامنے نہیں آسکا۔