کراچی(سی پی پی) سندھ ہائی کورٹ کے ججز نے دودھ کی قیمتوں کے تعین سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس میں کہا کہ دودھ کے نام پرعوام کو پانی پلایا جارہا ہے۔جسٹس عقیل احمد عباسی کی سربراہی میں سندھ ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے دودھ کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔ دودھ ریٹیلرز نے مقف اختیار کیا کہ 85 روپے لیٹر قیمت پر دودھ فروخت کرنے سے انہیں مالی نقصان ہورہا ہے۔ کمشنر
کراچی اعجاز احمد خان نے کہا کہ قیمت فریقوں کی مشاورت سے مقرر کی گئی ہے۔دوران سماعت ججز نے ریمارکس دیے کہ آپ لوگ اپنی قیمتوں کے لئے لڑرہے ہیں، کیا صارفین کا بھی کسی کو خیال ہے، دودھ کے نام پرعوام کو پانی پلایا جارہا ہے۔ انشااللہ عوام میں ضرور شعور آئے گا، جس دن عوام کو اپنے حقوق کا خیال آگیا اس دن سارے مسئلے حل ہو جائیں گے،عدالت نے فریقین کو اپنی سفارشات تحریری طور پر پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔