کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) ایک سال کے دوران پاکستان کے بیرو نی قرضوں میں13ارب 13کروڑ ڈالر کا اضا فہ ہوا ہے۔ اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے ذمے بیرونی قرضے 89ارب ڈالر ہو گئے۔مرکزی بینک کے مطابق پاکستان کے بیرونی قرضے گذشتہ سال کے دوران 13ارب 13کروڑ ڈالر کے اضافے کے ساتھ 89ارب ڈالر ہو گئے۔جو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ کے مطابق ملکی معیشت بہتری کی جانب بڑھ رہی ہے۔اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ بیرونی قرضوں کی تفصیلات کے مطابق
حکومتی قرضہ 70ارب 50 کروڑ ڈالر ہو گیا ہے ۔ ان میں طویل المدتی قرضوں کا حجم 59ارب 45کروڑ ڈالر اور قلیل المدتی قرضوں کا حجم ایک ارب 16کروڑ ڈالر ہے۔حکومتی کنٹرول میں مختلف اداروں کے ذمے 3ارب 10کروڑ کا قرضہ ہے جبکہ حکومتی ضمانت پر نجی شعبے کی طرف سے لئے جانے والے قرضوں کا حجم 7ارب 24کروڑ ڈالر ہے۔مختلف بینکوں نے بیرون ملک سے 4ارب 70کروڑ ڈالر کا قرض لیا ہوا ہے۔آئی ایم ایف کو 5ارب91کروڑ ڈالر ادا کرنے ہیں جبکہ 3ارب 50 کروڑ ڈالر براہ راست سرمایہ کاروں کو اد اکئے جانے ہیں۔