لاہور(این این آئی) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے ایشین انفراسٹرکچرانویسٹمنٹ بنک کے اعلی سطح کے وفد نے ملاقات کی جس میں بنک کے تعاون سے پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور ٹرانسپورٹ کے مختلف منصوبوں میں فنی تعاون پر بھی غورہوا۔ ملاقات میں واٹر ویسٹ مینجمنٹ ،راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ اور سرفیس واٹر پراجیکٹ کے بارے میں بھی مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلی محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنک کے
فنی تعاون سے چولستان کے صحراکو سرسبزوشاداب خطے میں بدل دیں گے۔چولستان کے 6ملین ایکٹر سے زائد وسیع وعریض رقبے کو آبپاشی کے منصوبے کے ذریعے سیراب کیا جائے گا۔سیلاب کے پانی کو آبی ذخائر میں محفوظ کرکے کینال کے ذریعے چولستان کو سیراب کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ترقیاتی منصوبے شفافیت اور معیارمیں اپنی مثال آپ ہیں۔اے آئی آئی بی کو پبلک پرائیویٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینا چاہیے۔اے آئی آئی بی کے پرنسپل انویسٹمنٹ آپریشنز سپیشلسٹ ڈاکٹر شکیل خان نے ترقیاتی منصوبوں بارے بریفنگ دی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ،سیکرٹری ہاؤسنگ،ایم ڈی واسا،لاہور اور راولپنڈی کے کمشنراور دیگر متعلقہ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔