کراچی(این این آئی)انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس میں گرفتار ملزمان کے خلاف چالان جمع کرانے کے لیے پولیس کو یکم مارچ تک مہلت دے دی ۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں کے منتظم جج جسٹس نعمت پھلپوٹو کے روبرو نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت ہوئی ۔ عدالت کو تفتیشی افسر نے آگاہ کیا کہ کیس میں راؤ انوار کے ساتھی ڈی ایس پی
قمر احمد سمیت 10 ملزمان گرفتار ہیں جبکہ کیس کے مرکزی ملزم راؤ انوار سمیت دیگر 11 ملزمان تاحال مفرور ہیں ۔ ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔ تاہم وہ روپوش ہیں ۔ تفتیشی افسر نے گرفتار ملزمان کے خلاف چالان جمع کرانے کے لیے مہلت دینے کی استدعا کی ۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو یکم مارچ تک مہلت دیتے ہوئے کارروائی ملتوی کر دی ۔