لاہور(این این آئی) صوبائی وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن و اطلاعات میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ ناکارہ اور خستہ حالت گاڑیوں کو سڑکوں پر لانے اور ان کی رجسٹریشن بکس کی خریدوفروحت روکنے کے لئے صوبے میں ’’ ڈی رجسٹریشن ‘‘ کا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ایک محکمانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبائی وزیر کہا کہ پرانی گاڑیوں کی ڈی رجسٹریشن کے نظام کو نافذ کرنے کے لئے قانونی ترمیم تیار کر لی گئی ہے ۔ جس کے تحت ایکسائز رجسٹریشن کی تاریخ سے
آئندہ 5 برس بعد کمرشل جبکہ 10 برس بعد نان کمرشل موٹر وہیکلز کی دوبارہ رجسٹریشن کروانا لازم ہو گا ۔ جبکہ ری رجسٹریشن کے وقت فٹنس سرٹیفیکیٹ فراہم کرنا بھی ضروری قرار دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں لاکھوں گاڑیاں ناکارہ اور ناقابل استعمال ہو کر آف روڈ ہو چکی ہیں ۔ مگر ان کے مالکان ان گاڑیوں کی کتابیں مارکیٹ میں فروخت کر دیتے ہیں ۔ اس امر کی روک تھام کے لئے محکمہ ایکسائز پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی مدد سے موبائل فون پر موٹر وہیکلز کی نئی رجسٹریشن اور ٹرانسفر کے لئے اپیلی کیشن تیار کررہا ہے ۔ مذکورہ ایپلی کیشن کی تیاری حتمی مراحل میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سہولت کے لئے نادرا اور ٹیلی کام کمپنیوں کے اشتراک سے کام کیا جا رہا ہے ۔