اسلام آباد(آئی این پی ) قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا ضمنی ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کردیا، عدالت نے سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے تمام ملزمان کو 28 فروری کو طلب کرلیا گیا۔ پیر کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیر خزانہ کے خلاف ریفرنس کی سماعت کی۔نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر عمران شفیق اور تفتیشی افسر نے ضمنی ریفرنس رجسٹرار
آفس میں جمع کروایا، ضمنی ریفرنس اور اس سے متعلقہ دستاویزات دو ڈبوں میں احتساب عدالت پہنچائی گئیں۔نیب پراسیکیوٹر عمران شفیق نے احتساب عدالت کو بتایا کہ نیب نے 7 والیمز پر مشتمل ضمنی ریفرنس دائر کردیا ہے، جس میں 24 نئے گواہان بھی شامل ہیں۔نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ملزمان کے اکا ئو نٹس میں 4.06 ملین ڈالرز کی ٹرانزیکشنز ہوئیں، جو پاکستانی روپوں میں 48 کروڑ 28 لاکھ روپے بنتی ہے۔نیب پراسیکیوٹر کے مطابق ملزمان کے اکا ئو نٹس کی تفصیلات بھی ریفرنس کا حصہ ہیں۔