لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب حکومت کے ترجمان ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ ہم نیب کو ایکسپوز کریں گے لیکن محاذ آرائی نہیں کریں گے ، نیب کا کردار آڈیٹر کا نہیں ،یہ کہاں لکھا ہے کہ کم شیئرز والے کو کنٹریکٹ ایوارڈ نہیں کیا جا سکتا ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان حقائق سے دور رہتے ہیں اور اپنی مرضی کے مطابق پراپیگنڈا کرتے ہیں لیکن جب ان کا پیچھا کریں تو پھر سامنے نہیں آتے ۔ انہوں نے کہا کہ نیب والے شاید فنانشل دستاویزات پڑھ نہیں سکتے یا انہیں قواعد
و ضوابط کا علم نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس کیس میں نہ کوئی اراضی منتقل ہوئی ہے اور نہ ایک پائی جاری کی گئی ہے پھر کیسے اربوں روپے کی کرپشن ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ چھپن کمپنیوں کا سارا سار ا ریکارڈ منگوا کر دو سے زائد افسروں کو لائن میں کھڑا رکھا جاتا ہے ۔ نیب کا کردار انوسٹی گیٹر کا ہے آڈیٹر کا نہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب خود نیب کے سامنے پیش ہوئے ، ہم نیب کو ایکسپوز کریں گے لیکن اس سے محاذ آرائی نہیں کریں گے ۔ چیئرمین نیب کو بھی سارے معاملات کو دیکھنا چاہیے ۔