اسلام آباد/لاہور/کوئٹہ (آئی این پی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں رات گئے شروع ہونے والی ہلکی بارش صبح تک وقفے وقفے سے جاری رہی۔ موسم کا حال بتانے والوں نے جڑواں شہروں میں ہفتہ کو مزید بادل برسنے کی پیشگوئی کی ہے۔شمال مشرقی بلوچستان، خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب، کشمیر اور فاٹا میں بھی کہیں کہیں جبکہ ساہیوال، ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج
چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ آئندہ ایک سے دو روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم کوئٹہ، قلات ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔گزشتہ روز سب سے زیادہ سردی کالام میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی چار ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سب سے زیادہ بارش ڑوب میں پندرہ ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔