اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جدید ملک اینالائزر مشینیں درآمد کر لیں، مشینیں ایک منٹ میں موقع پر ہی دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کریں گی۔ اٹلی سے پاکستان میں پہلی بار درآمد کی جانے والی تینوں مشینوں کی لاگت 60لاکھ روپے ہے۔ جدید مشینوں سے کھلے دودھ میں ملاوٹ کا ٹیسٹ ، ایک منٹ میں مکمل کیا جا سکے گا۔ اس سے قبل کھلے دودھ میں ملاوٹ کی چیکنگ کیلئے نمونے لیبارٹری
بھجوائے جاتے تھے۔ دودھ والی گاڑیاں، گوالے کے دودھ میں پائوڈر اور دیگر اجزا کی ملاوٹ فوری چیک کر سکیں گی۔ تینوں مشینیں پنجاب فوڈ اتھارٹی سنٹرل ، نارتھ اور سائوتھ آفس میں موبائل لیبارٹریز میں لگائی جا ئیں گی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نور الامین مینگل کے مطابق درآمد کی گئی مشینوں سے محکمے اور عملہ کا وقت بچے گا، ضرورت پڑنے پر مشینوں سے ڈبے کے دودھ کی بھی چیکنگ کی جا سکے گی۔