اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)انتخابی اصلاحات ایکٹ 2017کے خلاف درخواستوں پر سپریم کورٹ نے فیصلہ سنا دیا ہے جس کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف پانامہ فیصلے میں نا اہل ہونے کے بعد وزارت عظمیٰ سے ہاتھ دھوبیٹھے تھے اور اب پارٹی کی صدارت سے بھی نا اہل ہو چکے ہیں۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ن لیگ میں پارٹی صدارت کی نشست خالی ہونے پر پورے ملک میں بحث چھڑ چکی ہے کہ ن لیگ کا آئندہ پارٹی صدر کون ہو گا، سوشل میڈیا پر اس بحث میں کئی سوشل میڈیا
صارفین کا خیال ہے کہ شہباز شریف ن لیگ کی صدارت کے مضبوط امیدوار ہیں تاہم آج نواز شریف نے ایک ایسا کام کر دیا ہے کہ شہباز شریف کو ن لیگ کا آئندہ صدر دیکھنے والے افراد بھی دنگ رہ گئے ہیں۔ نواز شریف نے آج احتساب عدالت سے واپسی پر مریم نواز کو گاڑی کی اگلی نشست پر بیٹھنے کا کہا اور خود گاڑی کی پچھلی نشست پر بیٹھ گئے ہیں۔ سیاسی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا یہ اقدام اس بات کا اشارہ کر رہا ہے کہ مریم نواز ممکنہ طور پر ن لیگ کی آئندہ پارٹی صدر ہوں گی۔