اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )شادی بیاہ میں فضول اخراجات، خیبرپختونخواہ اسمبلی میں ممانعت کے حوالے سے بل منظور کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ اسمبلی میں شادی بیاہ میں فضول اخراجات کی ممانعت کے حوالے سے بل منظور کر لیا گیا ہے۔ بل کے مطابق دلہن کے والدین یا دوستوں کے دیئے تحائف اور تحفہ میں دی گئی جائیداد مہر کا حصہ نہیں ہوں گے جب کہ شادی کے موقع پر گھروں اور گلیوں کو سجانے اور برقی قمقموں پر پابندی
ہو گی،اسی طرح لائوڈ اسپیکرکا استعمال صرف چاردیواری کے اندر ہوگا۔بل میں کہا گیا ہے کہ مہندی، منگنی اور نکاح کے موقع پر صرف مشروبات استعمال ہوں جب کہ ولیمے میں صرف چار اشیاءچاول، سالن، روٹی اور میٹھے کی اجازت ہوگی۔ شادی کی تقریب رات 11 بجے تک ختم کرنا ہو گی۔مذکورہ بل میں خلاف ورزی پرقید اور جرمانے کی سزا بھی منظور کی گئی ہے،قانون کی خلاف ورزی پر 2 لاکھ روپے جرمانہ اور3 ماہ قید یا دونوں سزائیں ہوں گی۔