اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب میں خاتون کی جانب سے نکاح فسخ کرنے کیلئے عدالتی اصول جاری، سعودی سپریم کورٹ نے وضاحت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق سعودی سپریم کورٹ نے کسی خاتون کی جانب سے نکاح فسخ کرنے کے حوالے سے عدالتی اصول جاری کرتے ہوئے معاملے کی وضاحت کر دی ہے۔ عدالت نے خاتون کی جانب سے نکاح فسخ کرنے کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی خاتون کو اپنے شوہر سے نفرت ہوجائے اور وہ اس کے ساتھ زندگی نہ گزار سکتی
ہو تو ایسی صورت میں اسے نکاح فسخ کرنے کا حق ہوگا۔عدالت نے خاتون کے اس حق کو تسلیم کرتے ہوئے واضح کیا کہ اگر خاتون ایمانداری سے یہ سمجھتی ہے کہ شوہر سے نفرت کے باعث وہ اللہ تعالیٰ کے مقرر کردہ قواعد اور حدود کی پابندی نہیں کرسکے گی، حق زوجیت ادا کرنے سے قاصر ہوگی تو اسے نکاح فسخ کرنےکا حق ہوگا اور ایسی صورت میں جج معاملے کو دیکھتے ہوئے خاتون کی جانب سے خلع کی درخواست کے بغیر بھی نکاح فسخ کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔