اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مسلح افواج کی قربانیوں کی بدولت پاکستان میں امن ممکن ہوسکا ہے۔ جمعرات کو شاہد خاقان عباسی نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ہمراہ چراٹ میں اسپیشل سروس گروپ (ایس ایس جی) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ایس ایس جی ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر وزیر اعظم نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاک فوج کے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔شاہد خاقان عباسی کو ایس ایس جی ادارے، صلاحیتوں اور کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
ایس ایس جی کمانڈوز نے اپنی آپریشنل صلاحیتوں اور مہارت کا مظاہرہ بھی کیا جبکہ وزیر اعظم نے ایس ایس جی کمانڈوز کے زیر استعمال ہتھیاروں سے فائرنگ بھی کی۔ایس ایس جی افسران اور جوانوں سے خطاب کے دوران شاہد خاقان عباسی نے ایلیٹ فورس کی کارکردگی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اس کی کاوشوں کو سراہا۔اس موقع پر وزیر اعظم نے ایس ایس جی اور مسلح افواج کے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کیا، جن کی بدولت پاکستان میں امن ممکن ہوسکا۔وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف ایس ایس جی کمانڈوز کی شاندار خدمات کو سراہا اور ایس ایس جی کمانڈوز کی بطور ایلیٹ فورس مہارت اور کارکردگی کی تعریف کی۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایس ایس جی سب سے زیادہ قربانیاں دیتی ہے اور مشکل کی ہر گھڑی میں ایس ایس جی سب سے پہلے پہنچتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایس ایس جی کی قربانیاں وہ ہیں جو منظر عام پر نہیں آتیں لیکن ہمارے کمانڈوز کی قربانیاں باعث افتخار ہیں، کارگل سے لیکر سوات تک پاک فوج کی محنت رنگ لائی ہے جبکہ آپریشن ضرب عضب میں ایس ایس جی کی محنت نظر آتی ہے۔انہوں نے کہاکہ دنیا ہماری ایس ایس جی کی تعریف کرتی ہے، مجھے 4 ممالک کے سربراہان نے کہا آپ کی اسپیشل فورس کا کوئی ثانی نہیں ہے۔دورے میں وزیر دفاع خرم دستگیر، کور کمانڈر پشاور اور دیگر سینئر آرمی افسران بھی موجود تھے۔