اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)زینب قتل کیس میں کوئی گرفتار عمل میں نہیں آئی، 8مشتبہ افراد پہلے سے ہی زیر حراست ہیں جن سے تفتیش جاری ہے، ترجمان پنجاب پولیس ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس کے ترجمان نے ان تمام خبروں کی تردید کردی ہے جس میں زینب کے قاتل کی گرفتاری کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ زینب قتل کیس میں کوئی گرفتار عمل میں نہیں آئی، 8مشتبہ افراد پہلے سے ہی زیر حراست ہیں جن سے تفتیش جاری ہے۔ واضح رہے کہ دو گھنٹے قبل زینب قتل کیس کے حوالے سے پاکستان کے
نامور اور سینئر وکیل نوابزادہ احمد رضا قصوری نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی آج پونے تین بجے چیف جسٹس سے ان کے چیمبر میں ملاقات ہوئی ہے۔ وہ زینب قتل کیس پر از خود نوٹس لئے جانے پر ان کا شکریہ اداکرنے ان کے چیمبر میں ملاقات کیلئے گئے تھے۔ چیف جسٹس نے ملاقات میں ان سے کہا ہے کہ زینب قتل کیس کے مرکزی ملزم کو گرفتا رکر لیا گیا ہے جو کہ زینب کا قریبی رشتہ دار ہے۔ خیال رہے کہ پنجاب پولیس نے ایسی کسی بھی خبر کی تصدیق نہیں کی جبکہ مشتبہ افراد کے علاوہ زینب قتل کیس میں کسی بھی گرفتاری کی یکسر تردید کر دی ہے۔