لاہور (آئی این پی) سابق وزیر داخلہ اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما چوہدری نثار علی خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے اہم ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، بلوچستان کے وزیراعلیٰ کے مستعفی ہونے سے پیدا شدہ صورتحال اور آئندہ انتخابات کیلئے پارٹی کے لائحہ عمل پر بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق چوہدری نثار علی خان جو گزشتہ روز اسلام آباد سے لاہور پہنچے تھے ،ان کی ماڈل ٹاؤن میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ڈیڑھ گھنٹے تک ملاقات رہی،
جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی اور پارٹی کے آئندہ لائحہ عمل پر مشاورت ہوئی، ملاقات میں چکوال کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس رائے کا اظہار کیا کہ چکوال کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کو ضمنی الیکشن میں کامیاب بنا کر ثابت کر دیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کو عوام کی اکثریت کی حمایت حاصل ہے اور الزام تراشیاں کرنے والی جماعت کو ایک مرتبہ پھر شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں بلوچستان کے وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری کے مستعفی ہونے سے پیدا ہونے والی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔