اسلام أباد(این این آئی) وزیر دفاع خرم دستگیر نے کہاہے کہ پاکستان اپنے تعاون کی قیمت مقرر نہیں کرنا چاہتا بلکہ قربانیوں کا اعتراف چاہتا ہے ٗامریکا اور پاکستان کے درمیان تمام پردے ہٹ چکے ہیں ٗپاکستان کو قربانی کا بکرا بنایا جارہا ہے،
افغان جنگ پاکستان کی سرزمین پر نہیں لڑنے دیں گے ٗپاکستان تنازعات کے حل کیلئے کوشاں تھا تو بھارت نے کولڈاسٹارٹ ڈاکٹرائن کا اعتراف کیا۔ منگل کو یہاں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان تمام پردے ہٹ چکے ہیں ٗپاکستان کو قربانی کا بکرا بنایا جارہا ہے، ہم نے ہزاروں قربانیاں دی ہیں اور دے رہے ہیں، پاکستان اپنے تعاون کی قیمت مقرر نہیں کرنا چاہتا بلکہ قربانیوں کا اعتراف چاہتا ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ افغان جنگ پاکستان کی سرزمین پر نہیں لڑنے دیں گے، کھربوں ڈالر اور لاکھوں فوجی ڈیڑھ دہائی میں صرف 40 فیصد افغانستان پر کنٹرول پاسکے، امریکی وزیردفاع نے خود تسلیم کیا کہ امریکا افغانستان میں کامیاب نہیں ہوپارہا۔وزیر دفاع خرم دستگیر نے بھارتی رویئے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت سے مسائل کا حل چاہتا ہے ٗپاکستان تنازعات کے حل کیلئے کوشاں تھا تو بھارت نے کولڈاسٹارٹ ڈاکٹرائن کا اعتراف کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر رویہ تشویشناک ہے ٗ سرحدوں پر 2016 میں 1300 سے زائد بار بھارتی اشتعال انگیزیاں ہوئیں۔