کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) قائد اعظم محمد علی جناح کی نواسی خورشید بیگم کو لیاقت آباد کے سی ون ایریا قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔خورشید بیگم کا 67 برس کی عمر میں علالت کے بعد شہر کے ایک نجی اسپتال میں انتقال ہوا۔ان کی نماز جنازہ بعد نماز مغرب جہانگیر روڈ 2نمبر پر بلوچ پاڑہ کے قریب واقع فتح مسجد میں اداکی گئی۔نماز جنازہ میں عزیز واقارب کے علاوہ اہل محلہ بڑی تعداد میں شریک ہوئے ،تاہم کسی حکومتی نمائندے یا سیاسی شخصیت نے نماز جنازہ اور تدفین میں شرکت نہیں کی۔
دوسری جانب خورشید بیگم کے عزیز واقارب نے اس مشکل گھڑی میں ارباب اختیار سے شکوہ کیا کہ خورشید بیگم 15دن تک ایک نجی اسپتال میں وینٹی لیٹر پر رہیں مگر حکومتی سطح پر ان کی خیریت پوچھنے یا پھر علاج معالجے میں کسی قسم کا تعاون نہیں کیا۔خورشید بیگم کوسی ون ایریا قبرستان لیاقت آباد میں سپرد خاک کردیا گیا۔خورشید بیگم قائد اعظم کی بھتیجی شیریں بائی کی بیٹی تھیں۔خورشید بیگم کا اکلوتا بیٹا سکندر جناح کراچی میں 1998 میں مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیاتھا۔