کراچی (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر اور صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں دھرنے عمران خان لگوا رہے ہیں،وفاقی حکومت عدالتی حکم کے باوجود دھرنہ ختم نہیں کروارہی ہے اس لیئے دھرنوں سے نمٹنے کیلئے وفاقی حکومت اپنی رٹ قائم کرے اور اگر اسلام آباد پولیس بے بس بنی ہوئی ہے تو فوج سے مدد لی جائے۔سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے کہا کہ اسلام آباد ھرنوں سے عوام تنگ آچکی ہے
اور وفاقی حکومت دھرنوں سے متعلق اس لئے بے بس نظر آرہی ہے کیونکہ انہیں ماڈل ٹاون کا سانحہ یاد آرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کراچی پر قبضہ نہیں کرنا چاہتی مگرعوام کے دلوں پر راج کرنا چاہتی ہے اس لئے اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہارالحسن پہلے ایجنسیوں سے جان چھڑائیں پھر کسی پر الزام عائد کریں۔ انہوں نے کہا کے خواجا اظہارالحسن کے کراچی پر قبضہ کرنے کے متعلق پیپلز پارٹی پر الزامات بے بنیاد ہیں اس لئے وہ اپنا قبلہ درست کرلیں۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہا ہے تو انہیں خفا نہیں ہونا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں کراچی کی عوام خوف کی وجہ سے اپنے فیصلے آزادی سے نہیں کر پا رہی تھی مگر اب امن امان کی صورتحال بہتر ہے اور عوام خوف کی فضا سے باہر نکل چکی ہے اور عوام آئندہ انتخابات میں آزادی سے فیصلہ کرسکیں گے۔نثار کھوڑو نے کہا کہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی کوئی بھی عوامی حیثیت نہیں ہے۔ ایسے اتحادوں کا ماضی میں بھی مقابلہ کیا ہے اب بھی کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے اراکین ایاز لطیف پلیجو سے رابطے میں نہیں مگر ایاز لطیف پلیجو پیپلز پارٹی سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم حسین کو نکالا نہیں گیا ہے مگر انہوں نے خود علاج کی خاطر بیرون ملک جانے کی وجہ سے عہدے پر رہنے سے معذرت کی۔ اس لئے صحت یاب ہوکر ان کی وطن واپسی پر انہیں مزید ذمہ داری دی جاسکتی ہے۔اس موقع پرسابق وزیراعظم میاں نوازشریف کے رشتہ دار اور عباس شریف کے داماد میر عاصم نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔نثار کھوڑو نے انہیں پارٹی میں شامل ہونے پر ویلکم کرتے ہوئے کہا کے بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پارٹی مزید مضبوط ہو رہی ہے۔