اسلام آباد (این این آئی)ترجمان قومی اسمبلی نے بعض نجی ٹی وی چینلزپر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے حوالے سے نشر ہونے والی اس خبر کی تردید کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے قومی ا سمبلی کے اجلاس میں مسلم لیگ (ن) اور اس کے اتحادی جماعتوں کے اراکین کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے ظہررانہ دیا جارہا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے ایسے کسی ظہرانے
کا اہتمام نہیں کیا گیا اور نہ ہی سپیکر قومی اسمبلی اس میں شرکت کریں گے۔ یہ ظہرانہ وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کی جانب سے دیا جارہا ہے اس ظہرانے سے سپیکر قومی اسمبلی اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا کو ئی تعلق نہیں ہے۔ترجمان نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی کو اجلاس میں اراکین کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے کسی جانب سے بھی کوئی ہدایت نہیں دی گئی اور نہ ہی وہ کسی سیاسی جماعت کی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے کو ئی کردار ادا کررہے ہیں۔یہ کام حکومت اور سیاسی جماعتوں کی قیادت کا ہے ۔ ترجمان نے ٹی وی چینلز پرنشر ہونے والی خبروں کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا ہے ۔