لاہور (این این آئی) وزیر مملکت کیڈ و مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے جو 22ارکین قومی اسمبلی کے اجلاس میں نہیں پہنچ سکے ان کی کچھ ذاتی مجبوریاں تھیں اوران میں سے کچھ بیرون ملک تھے ، پارٹی میں دراڑیااراکین کی ناراضگی کا سوا ل ہی پید انہیں ہوتا ۔ نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے
انہوں نے کہاکہ میر ظفر اللہ جمالی نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی اور ان کا ہمارے ساتھ اچھا تعلق رہا ، وہ سینئر پارلیمنٹرین ہیں میں ان سے متعلق وضاحت نہیں کرسکتا کہ انہوں نے کن وجوہات کی بناء پر ہمارے خلا ف ووٹ ڈالا ۔ شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ قیاد ت نے کرنا ہے لوگوں سے کیا بات کرنی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میری ذاتی رائے ہے کہ اس موقع پر جب پارٹی کی لیڈرشپ کیلئے ووٹنگ ہو توپھر میں نہیں سمجھتا کہ کسی رکن اسمبلی کی کوئی بھی مجبوری ہو یاکوئی بیرون ملک بھی ہو تو اسے واپس آنا چاہیے اور اپنی جماعت کی قیادت کے ساتھ کھڑا ہوناچاہیے اور اس کیلئے کوئی عذر نہیں ہونا چاہیے ۔