نوشہرہ(این این آئی) جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہاہے کہ ان کی جماعت کا پاکستان تحریک انصاف کیساتھ اتحاد نوشہرہ تک محدود نہیں بلکہ یہ اتحاد ملک بھر میں تمام نشستوں پر کیا جائے گا۔مولانا سمیع الحق کے حوالے سے ان کے پرائیویٹ سیکریٹری احمد شاہ نے بتایا کہ اس اتحاد کی تفصیلات 29
نومبر کو لاہور میں پارٹی کی مجلسِ شوریٰ کے اجلاس کے بعد سامنے لائی جائیں گی۔انہوں نے تصدیق کی کہ پی ٹی آئی کے ساتھ جے یو آئی (س) کا اتحاد ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کیلئے ہوگا جبکہ ان نشستوں میں سے کس نشست پر ان کی پارٹی کا امیدوار سامنے آئیگاٗ اس کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ مل کر آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے مشترکہ انتخابی منشور، جھنڈا اور انتخابی نشان کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان تمام قومی اور بین الاقوامی امور پر باہمی اتفاق ہے اور یہ اتحاد ملک و قوم کے بہتر مفاد میں کیا جارہا ہے۔مولانا سمیع الحق کے پرائیویٹ سیکریٹری کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں کے نظریات میں یکسانیت ہے جبکہ دونوں ہی جماعتیں ساتھ مل کر ملک کے لیے کام کرنا چاہتی ہیں۔متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کی دوبارہ بحالی کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے کا باب بند ہو چکا ہے اور اس کا دوبارہ فعال ہونے کا ابھی امکان موجود
نہیں جبکہ جے یو آئی (س) آئندہ انتخابات کیلئے پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد کرنے جارہی ہے۔احمد شاہ نے کہا کہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے پی ٹی آئی کے ساتھ الحاق کا فیصلہ کیا ہے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ مجلسِ شوریٰ کے اجلاس کے بعد کیا جائیگا۔