لاہور(آئی این پی ) لاہورہائیکورٹ نے مسلم کمرشل بینک کی درخواست پر شریف خاندان کی اتفاق ٹیکسٹائل ملز کو 15 دسمبر کو نیلام کرنے کا حکم دیدیا، اتفاق ٹیکسٹائل ملز مالکان نے عدالتی ڈگری کے بعد 11 کروڑ 95 ہزار کی رقم ادا نہیں کی ۔ پیر کو لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس شاہد کریم نے مسلم کمرشل بینک کی شریف خاندان کی مل کی
نیلامی کے لیے درخواست کی سماعت کی جس میں بینک کے وکیل نے دلائل میں بتایا کہ نوازشریف کے قریبی عزیز نے 27 کنال ایک مرلے پر مشتمل مل کو رہن رکھوا کر قرضہ حاصل کیا، قرض کی عدم ادائیگی پر اتفاق ٹیکسٹائل ملزکو2000 میں ڈیفالٹر قراردیا گیا۔بینک وکیل نے کہاکہ ٹیکسٹائل ملز کے مالکان نے کاروبار کے لیے قرض حاصل کیے، ڈیفالٹرہارون یوسف، یوسف عزیز، کوثریوسف، سائرہ فاروق،عائشہ ہارون نے قرض کے لیے گارنٹی دی، ڈیفالٹر اتفاق ٹیکسٹائل ملزکے خلاف 2016 میں 25 کروڑ 33 لاکھ 64 ہزار کی ڈگری بھی جاری کی جاچکی ہے۔بینک کے وکیل نے دلائل میں بتایا کہا عدالتی ڈگری کے بعد اتفاق ٹیکسٹائل ملز مالکان نے14 کروڑ 32 لاکھ 69 ہزار ادا کیے، ڈیفالٹر ملز نے ڈگری کی بقایا 11 کروڑ 95 ہزار کی رقم ادا نہیں کی جارہی۔بینک کے وکیل نے استدعا کی کہ رقم کی ریکوری کے لیے اتفاق اڈہ پر واقع اتفاق ٹیکسٹائل ملز کو نیلام کرنے کا حکم دیا جائے۔عدالت نے بینک کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد شریف خاندان کی اتفاق ٹیکسٹائل ملز کو 15 دسمبر کو نیلام کرنے کا حکم دے دیا۔