اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن نے تحریک انصاف کوجواب دینے کا فیصلہ کر لیا، انتخابات سے قبل ہم خیال جماعتوں سے اتحاد ، ملک بھر میں جلسے کرنے کئے جائیں گے، پیپلزپارٹی کے ساتھ سیاسی تنائو کو کم کرنے کیلئے مولانا فضل الرحمن کی خدمات حاصل کر لیں۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ نے تحریک انصاف کو جواب دینے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس سلسلے میں انتخابات سے قبل ہم خیال جماعتوں سے اتحاد کیلئے بھی کوششیں کی جائیں گی جبکہ تحریک انصاف کی پنجاب اور ملک بھر میں بڑھتی ہوئی مقبولیت کو کم کرنے کیلئے ملک بھر میں جلسوں کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ مسلم لیگ ن کی قیادت نے پیپلزپارٹی سے سیاسی تنائو کم کرنے کیلئے مولانا فضل الرحمن کو ٹاسک دیدیا ہے جس کے بعد مولانا فضل الرحمن دونوں بڑی جماعتوں کے درمیان سیاسی گرما گرمی کم کرنے کیلئے متحرک ہو چکے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ عام انتخابات میں مذہبی جماعتوں کے جلد فعال ہونے والے بڑے اتحاد متحدہ مجلس عمل سے بھی انتخابی الائنس کرے گی اور اس حوالے سے مولانا فضل الرحمن سے رابطہ کر لیا گیا ہےجبکہ متحدہ مجلس عمل کے ساتھ انتخابی الائنس کیلئے مولانا فضل الرحمن سے ابتدائی بات چیت بھی ہو چکی ہے۔ اس ابتدائی بات چیت میں مولانا فضل الرحمن نے ن لیگ کی اعلیٰ قیادت کو آگاہ کیا ہے کہ کیونکہ متحدہ مجلس عمل کی قیادت کی تشکیل ابھی باقی ہے لہٰذا وہ اکیلے اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کر سکتے جیسے ہی قیادت تشکیل پائی تو اس کے بعد باہمی مشاورت سے ن لیگ کو اس حوالے سے جواب دے دیا جائے گا۔