نیو یارک(آئی این پی ) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ کشمیرکا ہر دن ایک سیاہ دن ہے ،بھارت ایسی مہم جوئی سے بازرہے جو خطے میں امن کے لیے نقصان دہ ہے ،پاکستان بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے،
پاکستان کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجی قبضے کے70 برس مکمل ہونے پراقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل ملیحہ لودھی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ کشمیرکا ہر دن ایک سیاہ دن ہے، 70 برس سے کشمیری عوام اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعمل کے منتظرہیں، مسئلہ کشمیرکے حل کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادیں امن کے قیام کا واحد راستہ ہیں، بھارت ایسی مہم جوئی سے باز رہے جو خطے میں امن کے لیے نقصان دہ ہے جب کہ بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑجواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ملیحہ لودھی نے کہا کہ کشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف پاکستان کشمیری عوام کی جدوجہد کو سپورٹ کرتارہے گا، مسئلہ کشمیر کا پرامن حل جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کی ضمانت ہے، کشمیرسے توجہ ہٹانے کے لیے بھارت ایل او سی کی خلاف ورزی کررہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے ظلم سے ایک لاکھ کشمیری شہید ہوئے، بھارت وہ ملک ہے
جس نے اجتماعی طورپر کشمیریوں کو بینائی سے محروم کیا جب کہ پاکستان سیاسی، سفارتی اور اخلاقی طورپرکشمیریوں کے حق خودارادیت کو سپورٹ کرتا رہے گا۔
واضح رہے کہ بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف کشمیریوں نے دنیا بھرمیں یوم سیاہ منا یا اورکشمیرپربھارت کے غیرقانونی تسلط کے خلاف مقبوضہ کشمیرمیں مکمل ہڑتال کی۔