اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)فوج ، عدلیہ ،شہباز ، حمزہ کے علاوہ ریاض پیرزادہ کی بیٹی کے خلاف مریم نواز کے میڈیا سیل کے پروپیگنڈہ مہم چلانے کا انکشاف۔میڈیامیں زیر گردش خبر میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مریم نواز کا میڈیا سیل فوج اور عدلیہ کے خلاف پروپیگنڈا میں تو ملوث تھا ہی مگر مریم نواز کی ہدایات پر یہ میڈیا سیل ان کے چچا اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور
حمزہ شہباز کے خلاف بھی کام کر رہا تھا۔ مریم نواز انتہائی خفیہ معلومات تک رسائی کیلئے اسی سیل کو بروئے کار لاتی تھیں۔ یہ تمام معلومات مریم نواز کے میڈیاسیل کےاہم رکن کی جانب سے بھانڈا پھوڑے جانے کے بعد باہر آئی ہیں۔ جس کے بعد شریف خاندان میں اختلافات مزید گہرے ہوئے ہیں جن کو دیکھتے ہوئے نواز شریف نے خاندان کو مزید اختلافات سے بچانے کیلئے سوشل میڈیا کی ٹیم کو فوری طور پر اکاؤنٹس بند کرنے اور اس کے دو گرفتار افراد کو فوری رہا کروانے کیلئے اہم وزیر کو ہدایات جاری کر دی ہیں جبکہ ان گرفتار افراد کے انکشافات پر مبنی رپورٹ کو بھی فوری غائب کرنے کیلئے اسی وزیر کو ٹاسک سونپا گیا ہے۔ پاکستان کے موقر قومی اخبار کی رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ وفاقی وزیر کھیل ریاض پیرزادہ جو اس وقت پارٹی قیادت سے سخت ناراض ہیں کی بیٹی کے حوالے سے بھی یہی سوشل میڈیا سیل پروپیگنڈے میں ملوث تھا۔واضح رہے کہ وفاقی وزیر کھیل ریاض پیرزادہ نے چند روز قبل نواز شریف کی قیادت پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے شہباز شریف کو پارٹی کی قیادت سنبھالنے کا کہا تھا جبکہ اس سے قبل ریاض پیرزادہ وزارت سے استعفیٰ بھی دے چکے ہیں جسے قبول نہیں کیا گیا، حال ہی میں ان کی سعد رفیق سے ہونیوالی ملاقات میں انہوں نے کھل کر پارٹی کی پالیسیوں پر اپنے
تحفظات کا اظہار کیا ہے جسے پارٹی قیادت کی جانب سے ناراض رہنمائوں کو منانے کیلئے بھیجے گئے خواجہ سعد رفیق نے جلد دور کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی تھی۔