لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹرمحمدراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ اسلام میں’’ توہم پرستی ‘‘کی کوئی گنجائش نہیں،توہم پرستی ایمان کمزورہونے کی علامت ہے ،نفع ونقصا ن کامالک اللہ تعالیٰ ہے۔دین حنیف میں حلال اورحرام کی واضح
تعلیمات موجودہیں ماہ صفر میں نکاح کرناجائزہے ۔دنیا بھر کے مسلمانوں پر مصائب کی اہم وجہ اسلامی تعلیمات سے دوری اور اتحاد کا فقدان ہے ، قرآن وسنت کی بالا دستی میں ہی امت مسلمہ کی ترقی کا راز پوشیدہ ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعۃ المبارک کے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ دین حنیف ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جوکہ جہالت سے مبرا اوردلائل وبراہین سے مزین ہے۔دین اسلام میں خرافات کی کوئی جگہ نہیں۔اسلام تعلیمات میں کوئی دن249مہینہ،قطعاًمنحوس نہیں۔منحوس تو انسان کے اپنے اعمال ہوتے ہیں اورانہی پر خیروشرکادار مدار ہے۔ماہِ صفر منحوس نہیں اسے تو ‘‘صفر المظفر’’ اور ‘‘صفر الخیر’’ کہا جاتا ہے، یعنی کامیابی اور خیر و برکت کا مہینہ ہے ۔شریعت میں کوئی مہینہ ایسا نہیں جس میں شادی سے منع کیا گیا ہ ہو۔بحیثیت مسلمان ہمیں رسومات اورخرافات سے بچتے ہوئے نبی کریم ﷺکے بتائے ہوئے اسلام طریقوں کے مطابق اپنی زندگی گزارانا ہوگی کیونکہ انسانی کی حقیقی کامیابی محسن انسانیت کے اسوۂ حسنہ کی کامل پیروی میں مضمر ہے۔