اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے بچوں کی پاناما کیس سے متعلق دائر ریفرنس کی سماعت کے دوران جوڈیشل کمپلیکس کی سیکورٹی کے حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے سیاسی افراد کے داخلے کو روک دیا ہے۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی جانب سے جودیشل مجسٹریٹ کو جاری تحریری ہدایات میں پاناماکیس کی سماعت کے دوران غیرمتعلقہ وکلا
سمیت سیاسی کارکنوں کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات کو احتساب عدالت کے جج نے اپنے خط میں منسلک کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی کارکنوں کو داخلے سے روکا جائے کیونکہ ان کی موجودگی سے عدالت کو سماعت میں مشکل پیش آسکتی ہے۔ انھوں نے واضح کیا ہے کہ میڈیا اور پیروی کرنے والے وکلا کی فہرست مرتب ہوگی جس کو عدالت میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔احتساب عدالت کے جج نے ہدایت نامے میں کہا کہ جوڈیشل کمپلیکس کی فول پروف سیکیورٹی اور کوئیک ریسپانس فورس کو تیار رکھا جائے۔