لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) مقامی عدالت نے مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی شاہ جہاں کی بیٹی کو کمسن ملازم کے قتل کے مقدمے سے بری کر دیا۔گزشتہ روز ایڈیشنل سیشن جج اعجاز الحسن نے رکن پنجاب اسمبلی شاہ جہاں کی بیٹی ملزمہ فوزیہ کے خلاف دائر کردہ کیس پر فیصلہ سنایا ۔عدالت میں مقدمے کے مدعی مقتول اختر کے لواحقین نے بیان حلفی جمع کروایا جس میں عدالت کو بتایا گیا کہ مدعی نے ملزمہ کو معاف کر دیا ہے
اور وہ اب اس کے خلاف مقدمے کی پیروی نہیں کرنا چاہتے ۔دوسری جانب کیس کے گواہان اپنے سابقہ بیانات سے منحرف ہو گئے جس پر عدالت نے ملزمہ کو کمسن ملازم کو تشدد کرکے قتل کرنے کے مقدمے سے بری کر دیا۔یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والی ایم پی اے شاہ جہاں کی بیٹی فوزیہ اسلام پر اپنے کمسن گھریلو ملازم اختر علی پر تشدد کر کے اس کو قتل کرنے کا الزام تھا ملزمہ کے خلاف تھانہ اکبری گیٹ پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر رکھا تھا۔