اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر انور بیگ نے کہا کہ مجھے شرم آ رہی ہے کہ میں اس جماعت کا حصہ ہوں، تفصیلات کے مطابق ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر انور بیگ نے گزشتہ روز ڈاکٹر
نہ ہونے کی وجہ سے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے باہر سڑک پر خاتون کے بچی کو جنم دینے کے واقعہ پر شدید مذمت کی۔ مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر انور بیگ نے کہا کہ یہ حادثہ انتہائی افسوس ناک اور شرم ناک ہے اور اس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کو صوبائی وزیر صحت اور ہیلتھ سیکرٹری دونوں کو معطل کرنا چاہیے تھا۔ اس کے علاوہ انہیں چاہیے تھا کہ ہسپتال میں ڈیوٹی پر موجود عملے کو بھی معطل کرتے۔ مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر نے کہا کہ جب تک صحت اور تعلیم کی سہولیات نہیں ہوں گی اس وقت تک کوئی بھی معاشرہ، صوبہ یا کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جو یہاں واقعہ ہوا ہے کبھی کسی نے مہذب معاشرے میں ایسا ہوتا دیکھا ہے، سینیٹر انور بیگ نے کہا کہ مجھے اس جماعت کا حصہ ہونے پر شرم محسوس ہو رہی ہے۔ انہوں نے اس واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف سے کہا کہ چیف سیکرٹری اورصوبائی وزیر کو معطل کرنے کی بجائے فارغ کر دیں۔