پشاور(این این آئی)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک جمعرات کو پشاور بس ریپیڈ ٹرانزٹ سسٹم کے عظیم الشان منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ رہے ہیں۔ تقریباً57 ارب روپے کی تخمینہ لاگت سے مکمل ہونے والا یہ منصوبہ 6 مہینے کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ 26 کلومیٹر لمبائی پر محیط ریپیڈ بس ٹرانزٹ سسٹم جی ٹی روڈ پر چمکنی سے شروع ہو کر حیات آباد پر اختتام پذیر ہو گاجس کے لئے شاہراہ کے دونوں اطراف
میں دس دس فٹ خصوصی ٹریک بچھایا جا ئے گا۔ا س کے آٹھ فیڈر روٹس ہوں گے اور ہر سٹاپ کا درمیانی فاصلہ دو منٹ ہوگا۔ہر بس سٹاپ پر سا ئیکلوں کیلئے الگ سٹینڈ ہو گا۔منصوبے کیلئے 300 ایئر کنڈیشن بسیں مہیا ہوں گی جن میں خواتین کیلئے الگ کیبن ہوں گے اور روزانہ 5 لاکھ مسافر سفر کرسکیں گے۔ منصوبے کی بدولت پشاور شہر میں ٹریفک کے اژدھام پر قابو پانے کے علاوہ شہر کی ماحولیاتی اور جمالیاتی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہو گا۔