اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) جماعت اسلامی متحدہ مجلسِ عمل کی بحالی کے لیے خیبرپختونخوا کی حکومت سے اتحاد ختم کرنے کو تیار ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ مجلس عمل کی بحالی کے لیے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر اہم اجلاس ہوا، اس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال اور مذہبی جماعتوں کو اکٹھا کرکے متحدہ مجلس عمل کو دوبارہ فعال کرنے پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
اس اجلاس میں جماعت اسلامی سمیت دیگر سیاسی تنظیموں نے شرکت کی۔ اس اجلاس میں جماعت اسلامی سے دیگر مذہبی جماعتوں نے مطالبہ کیاکہ وہ خیبرپختونخوا حکومت سے الگ ہو جائیں کیونکہ حکومت سے علیحدہ ہونا اتحاد کے لیے ضروری ہے۔ اس سلسلے میں جماعت اسلامی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ مجلسِ عمل کی بحالی کے لیے تحریک انصاف کی خیبرپختونخوا حکومت سے اتحاد ختم کرنے کو تیار ہیں۔ اس کے علاوہ دیگر جماعتوں نے مولانا فضل الرحمان کو بھی وفاقی حکومت سے علیحدہ ہونے کا کہا گیا۔ اس اجلاس میں دینی جماعتوں کے متحد ہونے پر اتفاق اور تمام تحفظات دور کرنے پر زور دیا گیا، اس کے علاوہ ماضی میں متحدہ مجلس عمل غیر فعال کیوں ہوئی اس کی وجوہات پر بھی غور کیا گیا۔ اس اجلاس میں چھوٹی مذہبی جماعتوں نے جمعیت علماء اسلام (ف) اور جماعت اسلامی پر متحدہ مجلس عمل کو دوبارہ فعال کرنے کی ذمہ داری سونپتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتوں کے سیاسی اختلافات کی بدولت ہی ماضی کا اتحاد ختم ہوا تھا، واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے وفاقی حکومت اور جماعت اسلامی نے خیبرپختونخوا کی حکومت سے علیحدہ ہونے کا عندیہ دیا ہے۔