کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)شارع فیصل پر سرکاری اسکواڈ میں شامل پولیس اہلکار کی شہری سے کی جانے والی بدتمیزی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، آئی جی سندھ کے نوٹس لینے پردو پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کی اہم سڑک شاہراہ
فیصل پر کوئی بااثر شخصیت اپنے سرکاری پروٹوکول کے ساتھ جارہی تھی کہ اسکواڈ میں موجود ایک پولیس اہلکار پروٹوکول کے درمیان گاڑی آجانے پر آپے سے باہر ہوگیا۔پولیس اہلکار نے مرکزی شارع کے بیچ میں گاڑی روک کر کار ڈرائیور کو مغلظات بکنے کے ساتھ ساتھ اس کو تشدد کا بھی نشانہ بنایا۔سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی تو آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا۔آئی جی سندھ کی ہدایات پر ایس ایس پی سیکیورٹی ون ملک احسان کو انکوائری افسر مقررکردیا گیا ہے جو اپنی رپورٹ جلد آئی جی سندھ کو پیش کردیں گے۔واقعے کی تفتیش کے بعد ایس پی سیکیورٹی ون نے اسکواڈ کمانڈراور اہلکارکو معطل کردیا، سیکیورٹی پرمامور اہلکاروں کا تعلق سیکیورٹی زون ون سے ہے۔ویڈیو میں دکھائی دینے والے اےایس آئی اللہ دتہ اوراہلکار شاہین کو معطل کردیاگیا، ایس پی سیکیورٹی ون ملک احسان کے مطابق پولیس اہلکارشاہین کو شہری کی وڈیو میں تشدد کرتےدیکھاگیا۔غفلت برتنے پراہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔