راولپنڈی(این این آئی)سابق صدر آصف زرداری اور سزا یافتہ پولیس افسران کے بعد وفاقی حکومت نے بے نظیربھٹوقتل کیس کا فیصلہ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔ جمعہ کو وفاقی حکومت نے بے نظیربھٹوقتل کیس کا فیصلہ لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ میں چیلنج کردیا ہے ٗوفاقی حکومت کی جانب سے وکیل بھی تبدیل کردئیے گئے ہیں اوراب سابق پراسیکیوٹرز کی جگہ اسسٹنٹ
اٹارنی جنرل فیصل محمود راجا نئے وکیل مقررکر دیئے گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق درخواست میں اسسٹنٹ اٹارنی جنرل فیصل محمود راجا نے موقف اختیار کیا ہے کہ فیصلے میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کئے گئے۔ رفاقت ،حسنین، شیرزمان، عبدالرشید اوراعتزاز شاہ کو سزائے موت دی جائے جبکہ سعود عزیز، خرم شہزاد کی سزائوں میں اضافہ کرکے پھانسی کی سزا میں تبدیل کیا
جائے۔حکومت کے پاس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے جمعہ کو آخری دن تھا جبکہ حکومتی اپیلوں کی سماعت 2 اکتوبرکو جسٹس طارق عباسی اور جسٹس حبیب اللہ عامر پر مشتمل ڈویژن بینچ کرے گا۔واضح رہے کہ اس سے قبل آصف زرداری اور مقدمے میں سزا یافتہ پولیس افسران سعود عزیز اور خرم شہزاد نے بھی فیصلے کے خلاے اپیلیں دائر کررکھی ہیں۔