پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) راجگال میں سرحد پار دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے لیفٹیننٹ ارسلان عالم کی نمازجنازہ پشاور گیریژن میں ادا کردی گئی جس میں گورنر خیبر پختونخوا، کور کمانڈر پشاور اور دیگر سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔تفصیلات کے موقع پر راجگال میں سرحد پاردہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے لیفٹیننٹ ارسلان کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کردی گئی جس میں اعلیٰ سول و فوجی
حکام نے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق شہید کے جسد خاکی کو آبائی علاقے گاؤں نیو مری گیل بھجوا دیا جائے گیا جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ اعلیٰ فوجی حکام و اہل خانہ کی موجودگی میں سپرد خاک کیا جائے گا۔بائیس سالہ شہید لیفٹیننٹ ارسلان عالم مزمل ٹاؤن کری روڈ کے رہائشی تھے اور3 بہنوں کے اکلوتے بھائی تھے جو جذبہ شہادت سے سرشار ہو کر پاک فوج میں شامل ہوئے اور جلد ہی اپنی منزل مقصود شہادت پانے میں کامیاب ہوئے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی کے زیرانتظام قبائلی علاقے خیبرایجنسی میں راجگال کے علاقے میں قائم کی گئی نئی پاکستانی چیک پوسٹ پر سرحد پارسے دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ ارسلان عالم شہید ہوگئے تھے۔شہید لیفٹننٹ ارسلان ہر دلعزیز شخصیت تھے، وہ تین بہنوں کے اکلوتے بھائی تھے۔دو دوستوں کی جان تھے اور ماں باپ کی آنکھوں کا تارا تھے، ہر وقت مسکراتے رہتے، بائیس سال کی عمر میں نہ صرف لیفٹننٹ بنے بلکہ شہادت کے عظیم مرتبے پر بھی فائز ہوگئے۔شہادت اور وطن کی محبت سے سرشار بہادر ارسلان کا عالم یہ تھا کہ وہ دوستوں سے گفت گو کے دوران بھی شہادت کی خواہش کا اظہار کیا کرتے تھے اور کہتے تھے کہ مجھے شہادت کا انتظار ہے، ایک بار دوست سے سوشل سائٹ پر گفتگو میں بھی کہا کہ شہید ہونے آئے ہیں، گولی کا انتظار ہے۔لیفٹیٹننٹ ارسلان کی شہادت کی خبر سنتے ہی سوشل میڈیا پر ان کے حوالے سے پوسٹ وائرل ہوگئیں جس میں ان کے دوستوں اور عوام نے انہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔