اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ عمران خان نیازی کا جزبز ہونا فطری بات ہے کیونکہ کے پی میں پی ٹی آئی کا صفایا ہو رہا ہے۔ عوام نے عمران خان جیسے بہروپیے اور پی ٹی آئی کی اصلیت کو پہچان لیا ہے۔ عمران خان نے حیدرآباد کے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ کے پی حکومت صوبے کے عوام کا پیٹ کاٹ کر نیازی خان کا پیٹ بھر رہی ہے۔ صوبے کی حالت یہ ہے کہ بجٹ آئے ابھی دو ماہ ہی نہیں ہوئے صحت، تعلیم اور
تعمیرات کے شعبوں کے بجٹ میں کٹوتی شروع ہوگئی ہے جو اس بات کی نشاندہی ہے کہ کے پی کے عوام کا پیسہ بنی گالہ جا رہا ہے۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ پی ٹی آئی کی چار سال کی حکومت کے دوران لوٹ مار کے بعد عمران خان کے پی کے عوام کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی بری حکمرانی اور کرپٹ حکومت ماضی میں کبھی نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ عمران خان کو چاہیے کہ آصف علی زرداری پر تنقید کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں۔