اسلام آباد (این این آئی)سابق صدرِ پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے میر مرتضیٰ بھٹو کی 21ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ میر مرتضیٰ بھٹو نے سخت ترین جلاوطنی برداشت کی، اپنی والدہ اور ہمشیرہ پر ڈکٹیٹرشپ کی جانب سے ظلم ہوتے ہوئے دیکھا، اپنے والد اور بھائی کے قتل کا صدمہ برداشت کیا لیکن انہوں نے اپنے اصولوں کو نہیں چھوڑا ۔
انہوں نے کہا کہ جس پراسرار ماحول میں انہیں قتل کیا گیا اور اس کے بعد ان کے قتل کے تحقیقات افسر کو بھی پراسرار انداز میں قتل کر دیا گیا اس سے اس شک کو یہ تقویت ملتی ہے کہ ایک بھٹو کی جانب لے کر دوسرے بھٹو کو اس کے قتل کا الزام دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میر مرتضیٰ کے قاتل نہ صرف بے نقاب ہوں گے بلکہ انہیں سزا بھی ملے گی۔ میر مرتضیٰ ایک جری اور بہادر شخص تھے جنہوں نے اپنی زندگی ڈکٹیٹرشپ کے خلاف لڑنے کے لئے وقف کر دی تھی۔ آصف علی زرداری نے میر مرتضیٰ بھٹو کی روح کے جنت میں اعلیٰ درجات اور ان کے وارثوں کے لئے صبر جمیل کی بھی دعا کی۔ دریں اثنا پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری سے ساہیوال سے پی ٹی آئی کے حلقہ NA-145 کے ٹکٹ ہولڈر اور ساہیوال ڈویژن کے ریجنل آرگنائزر سید علی حسنین نقوی نے ملاقات کرکے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ سید علی حسین نقوی نے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی صورت میں ملک کو نوجوان قیادت میسر ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہر نوجوان کا فرض ہے کہ وہ نوجوان قائد بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ مضبوط کریں تاکہ ملک اور قوم نئے دور میں داخل ہو سکے۔ سید علی حسنین نقوی نے سابق صدر آصف علی زرداری کی قائدانہ صلاحیتوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی شہادت کے بعد آپ نے پاکستان کھپے کا نعرہ دے کر ملک کو بچایا۔
سابق صدر نے سید علی حسنین نقوی کی پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ وہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ مضبوط کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ درایں اثناء پیر آف مانکی شریف پیر نبی امین نے بھی زرداری ہاؤس اسلام آباد میں سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کرکے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے پی کے صدر ہمایوں خان اور جنرل سیکریٹری فیصل کریم کنڈی بھی موجود تھے۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے پیر آف مانکی شریف کی پیپلزپارٹی میں شمولیت پر انہیں خوش آمدید کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ کے پی میں پارٹی کو مضبوط کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ سابق صدر آصف علی زرداری کے زیر صدارت پاکستان پیپلزپارٹی کے پی کے اہم اجلاس میں حلقہ NA-4 کے ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کی طرف سے اسد گلزار خان کو پارٹی ٹکٹ کے لئے نامزد کیا گیا۔
واضح رہے کہ اسد گلزار خان کے والد گلزار خان کے انتقال کے بعد یہ نشست خالی ہوئی تھی۔آصف علی زرداری نے پارٹی عہدیداروں اور رہنماؤں کو ہدایت کی کہ وہ اسد گلزار خان کی کامیابی کے لئے دن رات کام کریں۔