کوئٹہ(این این آئی)صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم مسلح ملزمان نے مرکزی جمعیت اہل حدیث بلوچستان کے امیر مولانا ابو تراب، ان کے بیٹے اور محافظ کو اغوا کرلیا۔پولیس کے مطابق مولانا ابو تراب اپنے بیٹے اور محافظ کے ہمراہ ایئرپورٹ روڈ پر جا رہے تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی کو روکا اور تمام افراد کو اپنے ساتھ لے گئے
۔پولیس کا کہنا تھا کہ مولانا ابو تراب کی گاڑی ایئرپورٹ روڈ سے ملی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کردیا تاہم اب تک اس حوالے سے کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔علاوہ ازیں مرکزی جمعیت اہلحدیث کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں مولانا اور ان کے رفقاء کی فوری بازیابی اور اغواکاروں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔