کراچی (این این آئی)قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پر بھی دہشتگردوں کے خلاف کریک ڈاون کا آغاز کردیا گیا ہے، کالعدم تنظیموں کے متعدد اکاونٹس معطل کردیئے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر دہشتگردوں کے خلاف کریک ڈان شروع کردیا ہے، مختلف کالعدم تنظیموں اور نمائندوں کے متعدد اکانٹس معطل کردیئے گئے ہیں۔
اداروں کی جانب سے انصارالشریعہ نامی دہشتگرد تنظیم کے اکاونٹ کو بند کردیا گیا تاہم اسی حوالے سے مزید کارروائیاں بھی کی جارہی ہیں۔انصارالشریعہ کے اکاونٹ سے 4 ستمبر کو رات ایک بج کر 8 منٹ پر ٹوئٹ میں ترجمان کی گرفتاری کی تصدیق ہوئی تھی۔ ادھر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے دہشتگرد جماعت کے ترجمان علی بن صفیان کا اکاونٹ معطل کردیا ہے، علی بن صفیان خود کو بلوچستان کا باشندہ ظاہر کرتا تھا، علی بن صفیان کا آخری ٹوئٹ ترجمان عبداللہ ہاشمی کے متعلق تھا۔