لاہور( این این آئی)حمزہ شہباز شریف نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شریف خاندان محمد نواز شریف کی قیادت میں پہلے کے مقابلے میں زیادہ متحد ہے ۔ پرویز مشرف کے آٹھ سالہ دور میں بھی اسی طرح کی نت نئی کہانیاں سامنے آتی تھیں لیکن افواہوں نے پہلے بھی دم توڑا اور اب بھی ان کا ویسا ہی انجام ہوگا ۔
انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں سیاسی صورتحال اور مسلم لیگ (ن) کی حکمت عملی کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا ہے ۔ انہوں نے شہباز شریف کو مسلم لیگ (ن) لیگ کا صدر منتخب کئے جانے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ اس کا فیصلہ پارٹی کرے گی اور جو بھی فیصلہ ہوگا سب کو معلوم ہو جائے گا۔ انہوں نے این اے 120کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ (ن) لیگ کا آبائی حلقہ ہے اور محمد نواز شریف اس حلقے سے کئی مرتبہ کامیابی حاصل کر چکے ہیں ۔ عوام نواز شریف سے والہانہ محبت کرتے ہیں اور اس کا اظہار لاہور کی ریلی میں ہو چکا ہے جس میں عوام کا جذبہ عروج پر تھا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک و قوم کے لئے کام کئے ہیں،لوڈ شیڈنگ میں بتدریج کمی ہوئی ہے اور 2018ء کے انتخابات سے قبل لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔ دہشتگردی میں کمی آئی ہے اور عوام حکومتوں کے کام دیکھتے ہیں ، لاہور سمیت کئی شہروں میں میٹرو بسیں چلی ہیں ، اورنج لائن کا منصوبہ زیر تکمیل ہے انشا اللہ (ن) لیگ اس حلقے سے واضح برتری سے کامیابی حاصل کرے گی ۔