اسلام آباد (آئی این پی) جمعیت علماء اسلام (ف) کے نئے وفاقی وزیر مولانا امیر زمان حلف اٹھانے پیدل ایوان صدر کی طرف چل دیئے، ایک اعلیٰ شخصیت کو نئے وزیرکے پاس گاڑی نہ ہونے کے باعث پیدل ایوان صدر روانہ ہونے کی اطلاع مل گئی، اپنی گاڑی بھجوا دی۔ جمعہ کو مولانا امیر زمان صبح تیار ہوئے تا کہ وزیر کا حلف اٹھا سکیں، تیاری کے بعد پیدل ایوان صدر جانے لگے تو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری کو اس کی اطلاع مل گئی،
انہوں نے فوری طور پر اپنی گاڑی بھجوا دی اور ایوان صدر کی طرف پیدل جانے والے اس نئے وزیر کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی گاڑی میں بٹھا دیا گیا اور فراٹے بھرتی ہوئی گاڑی ایوان صدر چلی گئی، وہ حلف اٹھانے کے بعد اسی گاڑی میں پارلیمنٹ ہاؤس آئے، ان سے جب پیدل ایوان صدر جانے کے بعد میں پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا کہ پارلیمنٹ لاجز کے پاس ہی تو ایوان صدرہے، پہنچنے میں کیا مشکل ہو سکتی تھی،بہر حال ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔